Wed. Apr 24th, 2024

مریضوں کی ہسپتال تک بروقت منتقلی ،مریم نواز کی اپنا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت

ہمارے لوگ بروقت ہسپتال نہ پہنچنے کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں،سرگودھا ہسپتال میں ہارٹ اٹیک کے مریض کو بے بس دیکھ کر دلی دکھ ہوا،اجلاس سے خطاب

اسلام آباد( مارچ2024 ء) دور دراز علاقوں سے مریضوں کی ہسپتال تک بروقت منتقلی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت دیدی،وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اہم اجلاس میں ایئرایمبولینس پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہمارے لوگ بروقت ہسپتال نہ پہنچنے کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔

دور دراز علاقو ں میں حادثے کی صورت میں متاثرین کو بروقت ہسپتال پہنچانا ناگزیر ہے۔سرگودھا ہسپتال میں ہارٹ اٹیک کے مریض کو بے بس دیکھ کر دلی دکھ ہوا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بہت جلد ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز بھی کر دیا جائے گا۔ موٹروے پر بھی ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو سروس شروع کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اہم اجلاس میںسینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی مشیر پرویز رشید، صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیرپرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری،چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری فنانس، ڈاکٹر عدنان، سیکرٹری ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیر اعلیٰ بنتے ہی پنجاب اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں پنجاب ائیر ایمبولینس کی فراہمی کے اعلان کے ساتھ ساتھ صحت،تعلیم کے شعبوں میں بڑے منصوبے فوری طور پر شروع کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔گزشتہ روز بھی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہیلتھ کارڈ کی ری لانچنگ کیلئے 3 ماہ میں قابل عمل پلان طلب کیا تھا۔مریم نواز کا کہناتھاکہ ہیلتھ کارڈ پاکستان مسلم لیگ ن کا پراجیکٹ ہے، پائیدار مکینزم کے ساتھ ری لانچنگ کریں گے۔انہوں نے کہا تھا کہ کسی غریب کو مفت علاج کے حق سے محروم نہیں کریں گے، عام آدمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

By admin

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *